مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی فضائی فورس کے کمانڈر جنرل سید مجید موسوی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کے لیے خود کو تیار کریں۔
جنرل سید مجید موسوی نے رات کے وقت منعقد ہونے والے اجتماعات میں شریک نوجوانوں اور کم عمر افراد کے نام اپنے پیغام میں انہیں بلندی، ترقی اور اسلامی ایران کے آرمانوں کی تکمیل کے راستے پر گامزن ہونے کی دعوت دی۔
انہوں نے ملک کے مستقبل کی تعمیر میں نوجوان نسل کے ایمان، عزم اور جہادی جذبے کے کردار پر زور دیا۔
جنرل موسوی کا یہ پیغام بعض میدانوں اور رات کے اجتماعات میں پڑھ کر سنایا گیا۔
انہوں نے قوموں کی عزت و سربلندی اور اقتدار میں ایمان، عزم اور مجاہدت کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے نوجوانوں اور کم عمر افراد نے گزشتہ تقریباً پانچ دہائیوں کے دوران ثابت کیا ہے کہ ان کی سوچ کا محور صرف خودمختاری، ترقی اور اسلامی وطن کی حفاظت و پاسداری ہے۔
انہوں نے ملک کی نوجوان نسل کے جذبۂ ایثار و قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس سرزمین کے نوجوانوں نے ایران کی سربلندی کے لیے اپنے وجود کو ڈھال بنایا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمنوں کے مقابلے میں ملک کی سالمیت اور نظامِ ولایت کا دفاع کیا ہے۔
سپاہ پاسدارانِ انقلاب کی فضائی فورس کے کمانڈر نے اپنے پیغام میں شہید امام خامنہ ای کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی نوجوان نسل سے مخاطب ہوکر لکھا کہ اس سے بڑھ کر اور کیا اعزاز ہوسکتا ہے کہ تمام باصلاحیت اور پُرعزم نوجوان، فولادی عزم و ارادے، بلند حوصلے اور جہادی جذبے کے ساتھ اپنے امام کے نورانی راستے پر قدم رکھتے ہوئے اپنی ترقی و کمال کا سفر شروع کریں۔
جنرل موسوی نے شہید رہبرِ انقلابِ اسلامی کی جانب سے ترقی اور سعادت کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کی خواہش کی تکمیل کے لیے نوجوان نسل کو پیش پیش رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور نوجوانوں کو اس راستے پر آگے بڑھنے کی دعوت دی۔
سپاہ پاسدارانِ انقلاب کی فضائی فورس کے کمانڈر نے آخر میں اس سفر میں ایران کے نوجوانوں کی کامیابی اور فتح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنے پیغام کے اختتام پر لکھا کہ ’’ولایت کا سپاہی اور ملت پر جان نثار کرنے والا؛ سید مجید موسوی۔‘‘
ایرو اسپیس کے ایک طالب علم کی درخواست پر جنرل سید مجید موسوی کا بامعنی جواب
سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی فضائی فورس کے کمانڈر جنرل سید مجید موسوی کو ایک نوجوان طالب علم کی جانب سے ایک منفرد درخواست موصول ہوئی۔
ایرو اسپیس کے شعبے میں زیرِ تعلیم اس طالب علم نے ملاقات کے دوران اپنی نوٹ بک جنرل موسوی کے سامنے رکھ دی تاکہ وہ اس میں اپنے قلم سے کوئی نصیحت تحریر کریں۔
یہ ایک سادہ سی درخواست تھی، جس کا جواب انہوں نے مختصر مگر بامعنی الفاظ میں دیا۔
جنرل موسوی نے طالب علم کی اس درخواست کے جواب میں اس کی نوٹ بک میں لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا، معصومین علیہم السلام اور موجودہ دور میں ان کے برحق نائب کی پیروی میں مضمر ہے۔
آپ کا تبصرہ